لبنانی وزیراعظم کا 15 سال بعد شام کا دورہ

عبوری وزیر اعظم نجیب میقاتی آج ہفتے کے روز دمشق میں شام میں عسکری کارروائیوں کے قائد احمد الشرع سے ملاقات کریں گے۔ اس طرح وہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شامی دار الحکومت کا دورہ کرنے والے پہلے حکومتی سربراہ ہوں گے۔ یہ 15 برس بعد کسی بھی لبنانی وزیر اعظم کا شام کا پہلا دورہ ہو گا۔
میقاتی کو اس دورے کی دعوت گذشتہ ہفتے الشرع کی جانب سے ٹیلی فون پر موصول ہوئی تھی۔جمعرات کے روز لبنان کے صدر جوزف عون نے پارلیمنٹ کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ عون پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے دوسرے دور کے بعد منتخب ہوئے۔ حلف برداری کے خطاب میں لبنان کے منتخب صدر نے شام کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کا عزم کیا۔ دوسری جانب احمد الشرع بھی پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جغرافیائی طور سے شام کے اطراف تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی کوشش کر رہے ہیں۔
یورپی ذمے داران کی جانب سے دمشق کے پہلے دورے میں اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے جمعے کے روز نئی انتظامیہ کے قائد احمد الشرع سے ملاقات کی۔ اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں تایانی نے کہا کہ یورپ دمشق پر عائد پابندیوں پر نظر ثانی کا ارادہ رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پابندیاں مختلف حکومت کے سبب عائد کی گئی تھیں۔ ادھر یورپی یونین نے جمعے کی صبح اس بات کا اشارہ دیا کہ نئے حکام کی جانب سے “نمایاں پیش رفت” یقینی بنانے کی صورت میں وہ شام پر عائد پابندیوں میں نرمی کر سکتی ہے۔