غزہ: اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری جاری ہے ، مزید 70 فلسطینی شہید جبکہ 104زخمی ہوگئے جس کے بعد اسرائیل کی جانب سے نئے سال کے پہلے10 روز میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 560ہوگئی جبکہ سینکڑوں شدید زخمی ہیں،غزہ جنگ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد46ہزار سے تجاوز کر گئی، اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے پر چھاپے کے دوران 15 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں قید زیادہ تر اسرائیلی یرغمالی اب لاپتہ ہیں۔حماس کے مسلح ونگ کے ایک سرکردہ ذرائع نے الجزیرہ عربی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی کی وجہ سے شمالی غزہ میں قید زیادہ تر اسرائیلی اسیران “اب لاپتہ ہیں”۔ذرائع نے مزید کہا کہ قسام بریگیڈز نے “اس نتیجے تک پہنچنے کے خلاف بار بار خبردار کیا تھا” اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج پر تنقید کی۔ان کا کہنا تھا کہ القسام بریگیڈز ایک بار پھر دشمن کی حکومت اور اس کی فوج کو اپنے قیدیوں کی زندگیوں اور قسمت کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
دوسری جانب نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کرنے پر امریکی ایوان نمایندگان میں عالمی عدالت کیخلاف پابندیوں کا بل منظور کرلیا گیا،عرب میڈیا نے خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام سے عالمی سطح پر انسانی حقوق اور انصاف کی حمایت حاصل کرنے کے عمل کو شدید نقصان پہنچے گا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی امریکی ایوانِ نمائندگان کی جانب سے کی جانے والی ووٹنگ کی مذمت کی ہے۔
