پی ٹی آئی کی کال بے اثر،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ڈالروں کے ڈھیر لگاد یے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قومی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالر وطن بھیجے اور دسمبر 2024 کی ترسیلات دسمبر 2023 سے 29 فیصد زائد ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے سب سے زیادہ 77 کروڑ اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالر، یورپ سے 36 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے جتنی رقم بھیجی ماہانہ بنیادوں پر یہ رقم 6 فیصد زیادہ تھی لیکن گزشتہ سال کے اسی مہینے میں تارکین وطن کی جانب سے بھیجے گئے 577.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ تھی۔متحدہ عرب امارات سے ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 2 فیصد اضافہ ہوا جو نومبر میں 619.4 ملین ڈالر سے دسمبر میں 631.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔