غزہ: صیہونی فورسز کے غزہ میں جارحیت جاری ہے جس میں مزید 70 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ،غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، اب تک 1 لاکھ 9 ہزار 378 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شجاعیہ میں مواصلاتی کمپنی پر فضائی حملہ کیا جس میں ٹاور پر کام کرتے 4 ملازمین شدید زخمی ہوئے۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 فلسطینی شہید ہوئے۔ دوسری جانب شمالی غزہ میں حماس کے حملے میں 3 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔اسرائیلی فوج نے بتایا کہ شمالی غزہ میں لڑائی کے دوران اس کے3 فوجی ہلاک ہو گئے،غزہ میںمسلسل تیسرے دن حماس کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 5 ہوگئی،اس جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے ایک افسر سمیت 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے 3 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ ایک برس کے دوران صرف غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 400 سے زائد ہوگئی جب کہ مجموعی تعداد 800 ہے۔علاوہ ازیں غزہ میں حماس کے بنائے گئے اسرائیلی یرغمالیوں میں سے ایک کی لاش رفح میں زیر زمین سرنگ سے بر آمد ہوئی ہے اس طرح 200 یرغمالیوں میں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 کے قریب پہنچ گئی۔ دریں اثناءغزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کرانے کیلئے اسرائیلیوں نے احتجاج کیا اور تل ابیب کی سڑکیں بند کرکے نیتن یاہو حکومت سے غزہ جنگ فوری بند کرنے اور یرغمالیوں کو واپس لانے کا مطالبہ کیا۔
