لکی مروت : فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں 17 سویلین ورکرز کو اغوا کرلیا، سیکورٹی فورسز نے 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ ذرائع کے مطابق آج فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل سے 17 سویلین ورکرز کو بھتا خوری کے لیے اغوا کر لیا، مغوی سویلین ورکرز نہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے سویلین ورکرز کو اغوا کرنے کے بعد وہاں کے مقامی ٹھیکیدار کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اب تک 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت باز یاب کروا لیا ہے اور باقی نہتے ورکرز کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب لکی مروت کے علاقے ملنگ اڈا کے قریب سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پردہشت گردوں کی موجودگی پرسی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔ جھڑپ کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت شفیق، فدا الرحمن اور مجاہد کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لکی مروت منتقل کردیا گیا۔
