صہیونی مظالم تیز،40شہید،یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کی املاک جلاڈالیں

غزہ /تل ابیب:اسرائیلی فورسز کی غزہ کے نہتے مسلمانوں پر بمباری کے نتیجے میں مزید 40 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے،مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا ظالمانہ آپریشن جاری ہے ،اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے مکانات اور گاڑیوں کو آگ لگادی۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی بوریج پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں بچے سمیت 4 فلسطینی شہید ہوگئے،جنوبی رفح پر دو اسرائیلی حملے ہوئے، 2 کسانوں سمیت 4 فلسطینی شہید ہوگئے، نصیرات پناہ گزین کیمپ میں دو فلسطینی شہید کر دیئے گئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے پر بھی بمباری کی گئی جس کے باعث متعدد شہادتوں کی اطلاعات ہیں، زخمیوں میں سے متعدد کی اموات کا خدشہ ہے ،غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت 13 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس شہر کے مغرب میں واقع المواصی کے علاقے میں بے گھر ہونے والے افراد کے خیموں پر دو فضائی حملے کیے،
سول ڈیفنس نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی طیارے شہریوں کے خلاف اپنے حملے تیز کر رہے ہیں اور جنوبی غزہ کی پٹی میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔غزہ میں جاری صہیونی جارحیت میں اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 45 ہزار 885 ہوگئی، 1 لاکھ 9 ہزار 196 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔