اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل)پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ محسوس ہو رہا ہے مذاکرات میں سٹیبلشمنٹ آن بورڈ ہے۔
حکومت نے یقین دہانی کروائی تھی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے گی لیکن 3 دن ہوگئے ابھی تک ہماری ملاقات نہیں کروائی گئی۔ایک انٹرویو میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پہلے جو ملاقات کروائی گئی تھی اس کمرے میں 3 لوگ سے زیادہ نہیں بیٹھ سکتے تھے، حکومتی کمیٹی کو کہا تھا کہ کھلی جگہ پر ملاقات کروائیں تاکہ مشاورت کریں ۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں سننے والے سننا چاہتے ہیں کہ ہماری عمران خان سے کیا بات ہوتی ہے، عدالتی احکامات پر بھی ملاقات نہیں کروائی جاتی تو ہم کیا سمجھیں؟ ملاقات کی اجازت نہیں ملتی تو مذاکرات ہی ختم ہو جائیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا کہ دو تین دن میں ملاقات کروا دی جائے گی لیکن ملاقات ہی نہیں ہو رہی تو مطلب مذاکرات میں ڈیڈ لاک آگیا۔
