ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع،پاراچنار روڈ پر چیک پوسٹیں قائم

کرم/پشاور(اسلام ڈیجیٹل) لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے جس کے باعث ٹل پاراچنار روڈ بند ہے۔جرگہ ارکان دھرنے میں پہنچے اور حکومتی پیغام پہنچایا۔دھرنا منتظمین نے کہا کہ جرگہ اراکین نے ٹل پاراچنار روڈ کھولنے کی گزارش کی ہے۔

جرگہ منتظمین نے اعلان کیا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد تک دھرناجاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کرم کو اسلحہ سے پاک اور بگن متاثرین کو معاوضہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔

دوسری جانب کرم کے متاثرہ علاقوں میں ٹل ہنگو سے قافلہ روانہ نہ ہوسکا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ قافلہ گزرنے کی صورت میں چھپری چیک پوسٹ سے تری منگل تک کرفیو رہے گا ، شہری اورقبائلی باشندے غیرضروری سڑک پر موجود رہنے سے گریز کریں۔

ادھر ڈرائیوروں نے بھی کہا ہے کہ سخت سردی میں مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور اجازت ملنے کے منتظر ہیں جبکہ قافلے میں شریک 80گاڑیوں میں سبزی، پھل اور دیگرضروری سامان موجود ہے جو خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

صوبائی حکومت نے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملی طور پر کام شروع کردیا، ٹل، پارا چنار روڈ پر 48 چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق 399 ایکس سروس مین کی بطور اسپیشل پروٹیکشن فورس تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پارا چنار میں ایف آئی اے سائبر ونگ قائم ہوگا، تمام بنکرز کو یکم فروری 2025ء تک ختم کرنے کے لیے پلان کی تیاری پر کام جاری ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بنکرز کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کرے گی، 15 دنوں کے اندر اسلحہ جمع کرنے کا پلان ترتیب دیا جائے گا۔

ایپکس کمیٹی فیصلے کے مطابق یکم فروری تک تمام اسلحہ جمع کیا جائے گا، جمع کئے جانے والے اسلحے کا ڈیجیٹائز ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق جمع کیے جانے والے اسلحہ کی نگرانی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہوگی، مقامی لوگوں کو اسلحہ حکومت کو فروخت کرنے کی پیشکش بھی کی جائیگی۔

اسلحہ رجسٹریشن کے لیے کرم میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائیگا۔دریں اثناء کرم انتظامیہ نے علاقے کی صورت حال کے تناظر میں مقامی افراد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جس کے لیے اسپیکر کے ذریعے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

کرم میں مرکزی شاہراہ پر صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ ہے، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرم روڈ کلیئر ہوتے ہی 80 ٹرکوں پر مشتمل اشیائے خور و نوش کے ساتھ قافلہ روانہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ٹرکوں کے قافلے کی روانگی آج ہی متوقع ہے۔