کراچی(اسلام ڈیجیٹل)وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے اور اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی نوک جھونک چلتی رہتی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ آپس کی باتوں کو اچھی طرح ڈیل کرتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی دو بڑی سیاسی جماعتیں ہیں، جن کے اپنے اپنے نظریات ہیں، جہاں ملک کا مفاد ہوتا ہے وہاں دونوں جماعتیں اپنے مفاد کو نہیں دیکھتیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر ملک کے مفاد کیلئے کام کرنے کیلئے تیار ہیں، اتحادیوں کیساتھ ملکر ملک کو معاشی بحران اور دہشت گردی سے نکالنا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا ماضی میں 3 اڑانیں کریش ہوتے دیکھی ہیں، اْڑان پاکستان ملک کے مستقبل کا منصوبہ ہے جو سیاست سے بالاتر ہے، پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، ان کے تعاون سے حکومت میں یہ پروگرام چلا رہے ہیں، اڑان پاکستان کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ان کا کہنا تھا ملک کو ٹیکنالوجی کی معیشت پر ڈالنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،
پاکستان کے مستقل کا دارو مدار ایکسپورٹ پر ہے، 30 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کو 100 ارب تک لیکر جانے میں 8 یا 15 سال لگیں گے، اڑان پاکستان کے تحت ہدف کو حاصل کرنے کیلئے صوبوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، 2022ء کے سیلاب کے بعد تباہی سے نکلنے میں سندھ حکومت کی مدد کریں گے، اڑان پاکستان حکومت کا نہیں پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے۔