لاہور/کراچی/پشاور(اسلام ڈیجیٹل )پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد خشک موسم کا خاتمہ اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں داخل ہونے والے سسٹم کے تحت آج لاہور سمیت بالائی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب بھر میں خشک موسم کے سلسلے میں تعطل آیا ہے اور بادل برسانے والا سسٹم پاکستان میں گزشتہ روز داخل ہو چکا ہے۔ آج لاہور میں بھی بارش ہونے کے امکانات ہیں، بارش سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔بارش سے پنجاب بھر میں صبح اور رات کے وقت دھند کی شدت میں کمی واقع ہوگی، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔
ادھرکراچی میں کڑاکے کی سردی نے شہریوں پر کپکپی طاری کردی ہے، صبح اور رات میں درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں آنے پر شہری گھروں میں دبک گئے، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کا زور مزید کچھ روز جاری رہے گا۔ پارہ چھ سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے، جس کے بعد اب صبح اور رات کے ساتھ دن میں بھی ٹھنڈ محسوس کی جانے لگی ہے ۔
ڈی جی میٹ سردار سرفراز کے مطابق سردی کی حالیہ لہر آہندہ ہفتے تک جاری رہے گی، کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔بلوچستان پر مغربی لہر ہے جس کے اثرات کولڈ ویو کی صورت میں کراچی میں دیکھے جارہے ہیں۔دریں اثناء اپر اور لوئرچترال میں گزشتہ تین روز سے برف باری کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔برف باری کے باعث اپراورلوئرچترال میں کئی سڑکیں بنداوربجلی کا نظام درہم برہم ہے۔جس کے باعث عوام کوسخت مشکلات کاسامنا،لواری ٹنل تاحال ٹریفک کے لئے کھلی ہے ۔اپراورلوئرچترال میں برف باری کاسلسلہ تین روز سے جاری ہے۔
اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں ابھی تک دو فٹ سے زائدبرف پڑچکی ہے،جبکہ اپرچترال کے دیگر علاقوں تورکہو، موڑکہو، مستوج، سنوغور ،پرواک ، لاسپور اور دیگر میں بھی شدید برف پڑ چکی ہے ۔لوئر چترا ل کے گائوں مدک لشٹ میں ابھی تک ایک فٹ تک برفباری ہوچکی ہے۔برف باری کے باعث اپر اور لوئر چترال میں کئی سڑکیں بندہیں اوربجلی بھی گزشتہ تین روز سے غائب ہے۔