ناقص کارکردگی،گنڈاپور نے ڈنڈا اٹھا لیا،4وزراء فارغ

پشاور(اسلام ڈیجیٹل)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ناقص کارکردگی پر 4صوبائی وزرا کابینہ سے فارغ کردیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا عاقب اللہ خان، ظاہر شاہ طورو، سید قاسم علی شاہ اور فیصل ترکئی کو وزارت سے فارغ کر دیا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ مختلف ایم پی اے کی جانب سے بار بار شکایات آرہی تھیں کہ وزرا ایک دن بھی پشاور میں موجود نہیں ہوتے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آپ وزرا صوبے کے وزیر ہو کسی ایک گائوں کے نہیں کہ پورا ہفتہ آپ گائوں میں گزار لیتے ہو۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہناتھا کہ اگر آپ لوگوں کے مسال حل نہیں کرسکتے تو گھروں میں بیٹھ جائیں۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ کابینہ میں ایسے وزرا کو شامل کریں گے جو 24گھنٹے اپنے دفتر میں موجود رہیں جو عوام کے مسائل حل کرسکیں۔

ادھر خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی نے کابینہ ارکان کو مراسلہ جاری کردیا۔اکائونٹیبلٹی کمیٹی نے کابینہ ارکان کو 18 نکاتی مراسلہ جاری کیاہے جس کا تحریری جواب 30 جنوری تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ کابینہ ارکان کے تحریری جوابات کا انڈیکس تیار کرکے بانی پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ کو بھیجا جائے گا، محکموں کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی انٹرنل اکائونٹیبلٹی کمیٹی کا کہنا ہے کہ تعیناتیاں بغیر سیاسی اثر ورسوخ کے عوام کے مفاد میں ہونی چاہیئں، محکموں میں کرپشن کی نشاندہی کیلئے انٹرنل آڈٹ کیا جائے، محکموں کو آئی ٹی بورڈ کی مدد سے ڈیجیٹائز کیا جائے۔