کراچی/اسلام آباد (اسلام ڈیجیٹل)ملک بھرمیں مرغی اورسبزی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، سبزی فروشوں نے سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا دیا، من مانی قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے لگے۔کراچی میں مرغی کی قیمت میں چند روز کے دوران 300روپے فی کلو اضافے کے بعد آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیاں بھی 40سے 60روپے فی کلو مہنگی فروخت ہورہی ہیں۔
سبزی فروشوں نے سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا دیا، سبزی فروش من مانی قیمت میں سبزیاں فروخت کرنے لگے، آلو 81روپے کے بجائے 100سے 120روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے، پیاز 104کے بجائے 140سے 160روپے، ٹماٹر 150کے بجائے 160سے 200روپے کلو میں بیچا جارہا ہے۔شہریوں کا شکوہ ہے کہ اب سبزیاں بھی خریدنے سے قاصر ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، سرکاری قیمت پر کوئی چیز نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کرتی نظر آتی ہے تاہم عام شہری اشیائے خور و نوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ادھر پشاور، راولپنڈی سمیت ملک مختلف شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 300 روپے تک کا ہوشربا اضافہ ہوگیا، کراچی میں چکن 740 سے 800 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی۔زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 410 روپے مقرر ہے تاہم ہول سیل میں زندہ مرغی 480 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، انڈوں کی سرکاری قیمت 300 روپے مقرر ہے لیکن فی درجن انڈے 380 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے کہا کہ مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث موسم سرمامیں یخنی بنانا بھی مشکل ہوگیا،مرغی فروشوں نے موقف دیاکہ انہیں مال مہنگا مل رہا ہے جس کی وجہ سے وہ سستے داموں فروخت نہیں کرسکتے۔دریں اثنا پشاور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، زندہ مرغی کی قیمت میں 10 دن میں فی کلو 150روپے کے اضافے سے قیمت 510 روپے فی کلو ہوگئی۔راولپنڈی میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 480 روپے ہوگئی جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 500 روپے سے بڑھ کر 750 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔