امریکا شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ، کروڑوں لوگ متاثر، نظام زندگی منجمد

واشنگٹن: امریکا اس وقت موسمِ سرما کے شدید طوفانی بگولوں کی لپیٹ میں ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرق میں لاکھوں افراد کو شدید برف باری، سرد درجہ حرارت اور سفر میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا

میڈیارپورٹس کے مطابق 6کروڑ سے زائد افراد اس خطرناک طوفان کی زد میں ہیں جو آج پیر کوامریکا کے مشرقی نصف حصے کو آرکٹک (قطب شمالی ) کی یخ بستہ ہوائوں سے منجمد کر دے گا۔ امریکا کی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے وسطی میدانی علاقوں سے وسط بحر اوقیانوس تک ریاستوں میں طوفانی ہواؤں سمیت شدید موسم سے خبردار کیا ہے۔موسم سرما کے طوفان کی وارننگ مغربی کنساس سے لے کر ساحلی ریاستوں میری لینڈ، ڈیلاویئر اور ورجینیا تک جاری کر دی گئی ہیں جو کہ1,500میل( 2,400کلومیٹر) کا غیر معمولی وسیع علاقہ ہے۔

نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس )نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ موسمِ سرما کا تباہ کن طوفان پیر سے بحر اوقیانوس کے وسط تک وسطی میدانی علاقوں کو بڑے پیمانے پر شدید برف باری سے متاثر کرے گا۔یہ 2025ء کا پہلا بڑا طوفان ہے تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ کنساس سٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ہفتہ کو تیزی سے جمع ہوتی برف کی وجہ سے اپنا فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔این ڈبلیو ایس کے مطابق نیو یارک اور پنسلوانیا کی مشرقی ریاستوں کے کچھ حصوں کو گریٹ لیکس سے آنے آنے والے برفانی طوفان کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہاں دو فٹ( 61سینٹی میٹر )تک برف پڑ سکتی ہے۔امریکا کے محکمہ موسمیات ایکیو ویدر نے سنیچر کو کہا کہ پورا خطہ پہلے ہی برف سے ڈھکا ہوا ہے اور مزید 4 فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔