اسرائیل کا وحشی پن انتہا پر، 150فلسطینی شہید ، قطر میں مذاکرات کا نیا دور

غزہ: اسرائیل اپنے وحشی پن اور درندگی سے باز نہ آ یا، غزہ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں150 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق صہیونی فضائیہ کے تازہ ترین حملوں میں صحت کے مراکز کو بدترین حملوں کا نشانہ بنایاگیا۔صہیونی فضائیہ نے 34حملے کئے ،نصیرات کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 4 بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید ہوئے، خان یونس میں گاڑی پربمباری سے 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔بمباری سے متعدد فلسطینی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، ملبے تلے دبے افرادکو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے العودہ اسپتال بھی خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ۔غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہداءکی مجموعی تعداد 45 ہزار 658 ہو گئی،1 لاکھ 8 ہزار 583 فلسطینی زخمی ہوئے۔ادھرقطر میں حماس اور اسرائیل میں غزہ جنگ بندی کیلئے مذاکرات کے نئے دور کا آغازہوگیا، امریکا نے حماس سے جنگ بندی معاہدہ فوری قبول کرکے اسرائیلی مغویوں کی رہائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی کیلئے غزہ کی پٹی سے صہیونی فوج کا انخلا اور مستقل سیز فائر ضروری ہے۔