کراچی سے تربت جانے والی بس کے قریب دھماکا، 6 افراد جاں بحق

کوئٹہ (اسلام ڈیجیٹل) کراچی سے تربت جانے والی بس کے قریب دھماکا، 6 افراد جاں بحق، 35 زخمی ، پولیس ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز تربت کے علاقہ نیو بہمن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسافر بس کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

.

گلگت بلتستان کو دنیا کے 25بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کر لیا گیا

پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 35 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ایس ایس پی سمیت 5 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ بس میں سیکورٹی اہلکار سوار تھے اور ایس پی کیچ کی گاڑی قریب سے گزر رہی تھی جو دھماکے کی زد میں آگئی جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔

دوسری جانب تمام زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دھماکے سے ایس ایس پی سیریس کرائمز ونگ ذوہیب محسن سمیت 5 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے ایس ایس پی کی گاڑی قریب سے گزر رہی تھی جو دھماکے کی زد میں آگئی، دھماکے میں ذوہیب محسن کے خاندان کے 6 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ دھماکے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج اورغم کا اظہار کیا۔ آصف زرداری نے شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیرداخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کےساتھ ہیں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے دھماکے کی مذمت کی گئی۔ اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا، معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے انسان کہلوانے کے لائق نہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ دوسری جانب ترجمان صوبائی حکومت نے تصدیق کی کہ تربت دھماکے میں ایس ایس پی زوہیب محسن معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثناءکالعدم بی ایل اے نے تربت میں قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔