پشاور(اسلام ڈیجیٹل)پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم شیخ نے کہا ہے کہ6جنوری کو بانی پی ٹی آئی کو سزا نہیں ہونی چاہیے، عمران خان کو سزا ہو بھی جاتی ہے تو مذاکرات کا عمل جاری رہے گا، مذاکرات میں جو مطالبات پیش کیے گئے ہیں سول نافرمانی تحریک ان سے مشروط ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سے سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے پوچھا جا رہا ہے، سول نافرمانی تحریک کی کال بانی پی ٹی آئی کی طرف سے تھی۔ سول نافرمانی تحریک کا پہلا مرحلہ جاری ہے، سول نافرمانی کی تحریک بیرون پاکستانیوں کے لیے ہے، بیرون ممالک پاکستانیوں کے اہل خانہ کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، 3 ماہ میں معلوم ہو جائے گا سول نافرمانی تحریک کے کیا اثرات ہیں۔ سول نافرمانی کی تحریک ملک نہیں بوگس حکومت اور نااہل وزیر اعظم کے خلاف ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو معلوم ہے سول نافرمانی تحریک سے لوگوں کو مشکلات ہیں۔ جن کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں انہیں حکومت دے دی گئی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، سول کا ملٹری ٹرائل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مسلح تنظیم نہیں یہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے، سول نافرمانی تحریک کی نہ واپسی ہے نہ لچک دکھائیں گے، مذاکرات میں جو مطالبات پیش کیے گئے ہیں سول نافرمانی تحریک ان سے مشروط ہے۔ ملٹری کورٹس سے کارکنوں کی رہائی میں ڈیل کا کوئی چکر نہیں، کارکنوں کی رہائی کوئی خیر سگالی نہیں۔پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہمارا بیانیہ واضح ہے، جس میں عمران خان و دیگر قیدیوں کی رہائی اور کمیشن کا قیام شامل ہے۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بارے میں ہمارا کلیئر بیانیہ ہے۔بانی پی ٹی آئی ،شاہ محمود قریشی و دیگر اسیران کی رہائی ہمارا پوائنٹ ہے اور دوسرے نمبر پر ہمارے 2 کمیشن ہیں 9 مئی اور 26 نومبر۔حکومتی ٹیم کو بتا دیا ہے۔ حکومتی ٹیم کو یہ بھی کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات ہونی چاہیے۔ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا ہوا ہے۔ ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ قانون کے مطابق کام نہیں ہوگا تو پھر انویسٹمنٹ نہیں ہوگی لاقانونیت ہوگی۔
