سندھ حکومت نے کراچی ریڈلائن بی آرٹی منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کردی

کراچی(اسلام ڈیجیٹل) سندھ حکومت نے کراچی ریڈلائن بی آرٹی منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد ختم کرنے اور کام میں تیزی لانے کا حکم دے دیا ۔شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ نجم شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے نمائندوں اور بین الاقوامی کنسلٹینٹس نے بھی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کے فوری حل پر گفتگو کی گئی۔وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے، ٹائم لائن سے پہلے کام مکمل کرنا ہو گا، تعمیراتی کام میں تیزی لانے کے لیے 3 شفٹوں صبح، شام اور رات میں کام کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کام 24 گھنٹے جاری رہے۔