حکومت سے مذاکرات کل،پی ٹی آئی مطالبات پرڈٹ گئی

اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل) پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کرنے والی اپنی کمیٹی کے لیے چارٹرآف ڈیمانڈ تیار کر لیا ہے جو حکومتی ٹیم کے سامنے رکھا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے مختصر چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا ہے جس میں پی ٹی آئی نے صرف دو مطالبات رکھے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے پہلا مطالبہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی ہے۔مزید بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کا حکومت سے دوسرا مطالبہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ آج کے مذاکراتی اجلاس میں پی ٹی آئی کے تمام کمیٹی اراکین شرکت کریں گے جبکہ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ مطالبات حتمی ہیں ان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ادھرحکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا، اجلاس اب آج سہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوگا۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اجلاس کے وقت میں تبدیلی اراکین کی درخواست پر کی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹیٹیوشن کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔