شفقت علی خان نئے ترجمان دفتر خارجہ ، ممتاز زہرہ بلوچ فرانس میں پاکستانی سفیرتعینات

اسلام آباد (اسلام ڈیجیٹل) سینئر سفارت کار شفقت خان کو دفتر خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شفقت علی خان اس وقت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے یورپ تعینات ہیں، شفقت علی خان روس میں پاکستان کے سفیر رِہ چکے ہیں اور پولینڈ میں بھی پاکستانی سفیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔اس وقت دفتر خارجہ کے ترجمان کے فرائض ممتاز زہرہ بلوچ سرانجام دے رہی ہیں، اطلاعات ہیں کہ ممتاز زہرہ بلوچ کو وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تجویز پر فرانس میں پاکستانی سفیر تعینات کردیا گیا ہے۔ واضح رہے ممتاز زہرہ بلوچ کو11نومبر 2022ء کو دفتر خارجہ کا ترجمان مقرر کیا گیا تھا۔ ممتاز زہرا بلوچ 25سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ امریکا اور جنوبی کوریا سمیت مختلف ممالک میں فرائض انجام دے چکی ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ کے دفتر میں ڈائریکٹر (امریکا) ڈائریکٹر (سیکورٹی کونسل اینڈ ہیومن رائٹس اور ڈائریکٹر (اسٹریٹیجک پلاننگ)کے طور پر کام کر چکی ہیں جبکہ 2014-2015 ء کے دوران انہوں نے بطور ڈائریکٹر (تعلیمی پروگرام)اور بعد میں فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدوں پر فائز رہی ہیں۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری، فلیچر سکول آف لا اینڈ ڈپلومیسی امریکا سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور فرانس سے بھی ڈگری حاصل کی۔