سال2024ء میں کئی کامیابیاں سمیٹیں،نئے سال میں اجتماعی غلطیوں کا ازالہ کرنا ہوگا،وزیر اعظم

اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل)وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمیں نئے سال میں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات کرنی چاہیے۔ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ نئے سال کے آغاز پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،میری دعاہے کہ 2025 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو،میری یہ بھی دعا ہے کہ نئے سال میں ہم گزشتہ سال کی اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات کریں اور ایک نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں۔انہوںنے کہاکہ میں دعا گو ہوں کہ 2024 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو،نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، افلاس، جنگ، دہشت گردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔انہوںنے کہاکہ 2024 کا سال ہمارے پیارے پاکستان کے لیے شاندار کامیابیوں کاسال تھا، 2024 کے دوران ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہوئے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ دوست اور برادر ممالک سے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے اور معیشت کی ڈیجیٹائز یشن پر کام کا آغاز ہوا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے باضابطہ طور پر قومی اقتصادی ٹرانفارمیشن پلان ”اڑان پاکستان”کا اجراء کر دیا ۔ اڑان پاکستان دراصل معیشت کو ایک نئی جہت دینے، جامع ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے میری حکومت کا عزم ہے۔