PTI Flag

بانی نے کہا ہے 24 نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی، بشریٰ بی بی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ بانی نے کہا ہے سب 24 نومبر کے احتجاج کا حصہ بنیں، 24 نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی۔

اپنے بیان میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی خود تاریخ بدلنے کا اعلان نہیں کرتے احتجاج کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی، ہمارا احتجاج آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، قانون کے مطابق کسی کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باجوہ کو کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔