Karachi Truck Accident

تیزرفتارکار کی ٹکر سے ٹرک الٹ گیا، مزدورجاں بحق

کراچی: ڈیفنس صباء ایونیو کے قریب تیز رفتار گاڑی نے شہزور ٹرک کو ٹکر مار دی جس کے باعث ٹرک الٹ گیا، حادثے میں ٹرک میں سوار ایک مزدور جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ آفتاب ولد گل حسن کے نام سے کی گئی۔

زخمیوں میں 25 سالہ شعیب ولد اللہ دتہ، 30 سالہ فرمان ولد راجہ، 30 سالہ حماد ولد سیف اللہ، 35 سالہ معشوق ولد خان محمد، 25 سالہ محمد حسن ولد علی اکبر، 35 سالہ گل محمد ولد غلام نبی، 35 سالہ غلام شبیر ولد سوالی، 25 سالہ محمد طارق ولد محمد شفیع اور 25 سالہ عبدالقادر ولد دین محمد شامل ہیں۔

ایس ڈی پی او درخشاں منیشا روپیتا کے مطابق کریک وسٹا کی جانب سے آنے والی تیز رفتار آوڈی گاڑی نے شہزور ٹرک کو ٹکر ماری جس کے باعث ٹرک الٹ گیا جبکہ حادثے کے باعث گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ شہزور ٹرک پرائیویٹ کنٹریکٹر کا ہے جس میں اس کے ملازمین سوار تھے۔

ایس ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے کار ڈرائیور امین الدین کو حراست میں لے لیا، ٹرک کو کرین کی مدد سے سڑک سے ہٹایا دیا گیا جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔