حالیہ دہشت گردی کی لہر، وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 10 بجے ہو گا اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور حالیہ دہشتگردی حملوں کی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، کابینہ اجلاس میں اہم ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی جائے گی، جن میں پی ڈبلیو ڈی کے اسٹاف اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کی منتقلی کی منظوری شامل ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

اجلاس میں بیرون ملک کنونشن ریکوری آف میٹیننس سے متعلق ایجنڈا آئٹم پر غور کیا جائے گا، جبکہ حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کے فیز ون کی بھی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 23 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی شامل ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ میں ایل ڈی آئی کی پی ٹی اے کو واجب الادا رقم کا معاملہ بھی زیر غور لایا جائے گا، جس پر پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام تفصیلی بریفنگ دیں گے۔