PTI

پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام ہورہا تھا اس لیے اسٹیبلشمنٹ پر ڈال کر منسوخ کردیا، وزیر دفاع

راولپنڈی: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام ہورہا تھا اس لیے اسٹیبلشمنٹ پر ڈال کر منسوخ کردیا گیا۔

اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر جلسہ کامیاب ہورہا ہوتا تو عمران خان کبھی بھی جلسہ منسوخ نہ کرتا، اعظم سواتی کافی عرصے سے غائب تھا اور جعلی نمائندہ اسٹیبلشمنٹ بن کر صبح 7 بجے جیل پہنچ گیا، کل یا بدیر اعظم سواتی اور عمران خان کی گفتگو سامنے آجائے گی، جلسہ منسوخ کرنے میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں تھا، جیلوں کی گفتگو صیغہ راز میں نہیں رہتی، جس سیل میں میں تھا اس میں 16 کیمرے لگے تھے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جلسے کی منسوخی کے بعد پی ٹی آئی قیادت کی گفتگو نے پاکستان سے وابستگی پر سوالیہ نشان لگادیا ہے، یہ بیانیہ کہ ان کو زہر دیا گیا ہے یہ بالکل جھوٹ پر مبنی ہے، یہ اس طرح کا بیانیہ بنا کر دوبارہ 9 مئی جیسا واقعہ کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کیخلاف بغاوت کا بیانیہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 130 آرٹیکل مختلف بین الاقوامی اخبارات میں پاکستان کیخلاف چھپے، یہ فیک آرٹیکل صیہونی ایجنڈا ہے جسے آپریشن گولڈ اسمتھ بھی کہتے ہیں، یہ منصوبہ جات پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں۔ بغاوت کے بیانیے کا نقطہ عروج 9 مئی تھا، برطانیہ میں 2 دن میں سزائیں ہو جاتی ہیں لیکن 9 مئی کے ملزمان کو ڈیڑھ سال میں بھی کوئی سزا نہیں ہوئی، انصاف کی تاخیر سے انصاف مذاق بن جاتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟ اسکرپٹ کس کا تھا؟ اب راز افشاں ہورہے ہیں، علیمہ خان اور رؤف حسن کی گفتگو بہت ساری باتیں بتا رہی ہے، یہ سب صیہونی سازش پر کار بند ہیں، پاکستان میں ان کی مقبولیت کم ہورہی ہے لیکن بیرونی دنیا میں صیہونی مشن جاری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیاجائیگا، بیرونی ایجنڈے پر کام ہورہا ہے اس کابھرپور مقابلہ کریں گے، گنڈا پور بزدار 2 ہیں، علی امین گنڈا پور اور انکی کابینہ ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے لیکرنیچے تک ان کی پارٹی میں سب چور ہیں۔