IPPS

بجلی کے بلوں پر تیس چالیس قسم کے ٹیکس ہیں، منعم ظفر

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں پر تیس چالیس قسم کے ٹیکس ہیں، بجلی کے بلوں پر اب میونسپل ٹیکس بھی عائد کیا گیا ہے، جماعت اسلامی اس کا مقدمہ نیپرا میں بھی لڑ رہی ہے۔

کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ آج ہمارے دھرنے کا چوتھا روز ہے، لوگوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

منعم ظفر کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی سے قوم پریشان ہے اور شہر میں لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے، حکمرانوں کو مفت بجلی، پیٹرول اور پروٹوکول کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدے عوام دشمن ہیں، عوام کو سستی بجلی دی جائے، آئی پی پیز کے معاہدے پر نظرِ ثانی کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ بچوں کی اسٹیشنری پر بھی ٹیکس لگایا گیا ہے، ہمارے پاس پلان بی اور سی ہے، لاہور میں شاہراہوں پر بھی احتجاج کر سکتے ہیں۔