Jamat e Islami Protest on Electricity Bills

مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا راولپنڈی اور کراچی دھرنا جاری

راولپنڈی: مہنگی بجلی، ہوشربا ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف لیاقت باغ چوک مری روڈ پر جماعت اسلامی کا دھرنا 10 ویں روز بھی جاری ہے۔

راولپنڈی میں بادل چھائے ہوئے ہیں جس سے موسم خوشگوار ہے، ناشتے میں نان اور گرم گرم حلوے سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔

جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے مابین اب تک مذاکرات کے 2 دور ہوچکے ہیں جو بے نتیجہ رہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ پریس کانفرنس میں آئند لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جبکہ جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک نہ صرف دھرنا جاری رہے گا بلکہ اسے ملک گیر سطح تک پھیلایا جا سکتا ہے۔

مری روڈ کی ایک سائیڈ عام ٹریفک کی کھلی ہے اور ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق جاری ہیں۔

دوسری جانب، کراچی میں بھی جماعت اسلامی کے تحت گورنر ہاؤس کے باہر دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے، مطالبات کی منظوری تک دونوں شہروں میں دھرنے جاری رہیں گے۔