Sindh Government

پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہے۔

وزرا اور میئر کراچی کے ہمراہ کراچی میں جلوسوں کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی جماعت اور بانی کو کچھ اقدامات کرنا ہوں گے جو وہ نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی لیکن پی ٹی آئی کو بھی اپنا کردار دیکھنا ہوگا کہ وہ سیاسی جماعت کی طرح کردار ادا کر رہی ہے یا نہیں، محض سیٹیں لے لینا یا ووٹ لے لینے سے سیاسی جماعت نہیں بن جاتی، پی ٹی آئی خود اپنی وجہ سے اس مقام پر پہنچی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر جاری ہے اور حالات کو سامنے رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، جلوس کے اختتام تک سیکیورٹی کا جائزہ لیتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کے ایم سی بھی انتظامات کے لیے متحرک ہے جبکہ سندھ پولیس اور رینجرز سمیت دیگر سیکیورٹی ادارے بھی چوکس ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے جو میئر آتے تھے وہ اختیارات اور فنڈز کا رونا روتے تھے لیکن مرتضیٰ وہاب وہ میئر ہیں جو آتے ہیں جب انہیں شہر کی بہتری کے لیے صلاح مشورہ درکار ہوتا ہے، صرف فنڈز کے لیے انتظامی امور میں بھی مدد کے لیے میئر کراچی ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں۔

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کیمپ کا دورہ بھی کیا جہاں تنظیم کے عہدیداروں سے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی۔