Islamabad High Court

جسٹس طارق محمود جہانگیری کو مشکوک کال اور میسیجز موصول

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو مشکوک کال اور پیغامات موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ آفس کے نمبر پر مشکوک کال کرنے والے نے خود کو بطور ڈی جی ایف آئی اے متعارف کرایا ، تاہم تحقیقات کے بعد پتہ چلا ڈی جی ایف آئی اے نے کوئی کال نہیں کی۔ مشکوک کال کرنے والا ڈائریکٹ جسٹس طارق جہانگیری سے بات کرنا چاہ رہا تھا۔

عدالتی ذرائع کے مطابق مشکوک کال 2 روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری آفس موصول ہوئی۔ مشکوک نمبر سے جسٹس طارق جہانگیری کے موبائل نمبر پر میسیجز بھی بھیجے گئے۔

جسٹس طارق جہانگیری نے رجسٹرار کو طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ موبائل نمبر کے حوالے سے ایف آئی اے کو فوری رپورٹ کیا جائے۔

واضح رہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری الیکشن ٹریبیونل کے جج بھی ہیں اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر جیتنے والے لیگی ارکان کے خلاف پی ٹی آئی کی عذرداری درخواستوں کی سماعت بھی کررہے ہیں۔