دعا ہے کہ نیا سال پاکستان اور امت مسلمہ کیلیے امن و استحکام کا سال ثابت ہو، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ یہ نیا سال ملک پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو۔

وزیراعطم نے نئے اسلامی سال 1446 ھ کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میری یہ بھی دعا ہے کہ اس نئے سال میں پوری دنیا میں جہاں جہاں بھی مسلمان مصیبتوں کا شکار ہیں ان کے لیے اللہ رب العزت بے شمار آسانیاں پیدا کرے۔ میری یہ دعا ہے کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں پر چھائے ظلم و جبر کے اندھیرے چھٹ جائیں اور وہاں امن و آشتی کی صبح کا اجالا ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کی زندگی ترقی و خوشحالی سے روشن کر دے.

وزیراعظم نے کہا کہ نیا اسلامی سال تاریخ کے ان لمحات کی بھی یاد دلاتا ہے جب حق و باطل کے معرکے میں آلِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے رہتی دنیا تک امر ہوئے.

سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں نے سچائی اور عدل و انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلیے لازوال قربانیاں دیں۔ جبر و استبداد کے خلاف ان کی غیر متزلزل جرأت، قربانی اور لگن کی لازوال مثال ہے۔

یہ واقعہ ہمیں ہمدردی، انصاف اور اتحاد کی ان اقدار کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے ایمان کا مرکزی جزو ہیں اور ہمیں ناانصافی اور جبر کے خلاف کھڑے ہونے اور ایک ایسے معاشرے کے لیے کام کرنے کا درس دیتے ہیں جہاں امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام جیسی اقدار بول بالا ہو۔

آئیں آج کے دن ہم عہد کریں کہ ہم اپنے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کی طرف سے قائم کردہ اعلیٰ صفات کی تقلید کرنے کی کوشش کریں گے۔ آئیے ہم اپنے اختلافات سے قطع نظر رواداری، افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کے لیے احترام کو فروغ دیں۔ آئیے ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں جو سماجی انصاف، مساوات اور ہمدردی کے اصولوں کو برقرار رکھے۔

نیا اسلامی سال ہمیں اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کی عین مطابق ڈھالنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہم خدا سے دعاگو ہیں وہ ہمیں اپنے بتائے ہوئے راستے اور عبادات کو اپنانے کی توفیق دے اور ہماری عبادات کو قبول فرمائے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ میں آج کے دن رب کے بے پایاں کرم پر اس کا شکر گزار ہوں کہ پاکستان کی معاشی مشکلات میں کمی ہوئی اور معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے. مگر مجھے اس بات کا بھی ادراک ہے کہ ہمیں عام آدمی کی زندگی کو مزید آسان بنانے، ملک میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کروانے کیلئے ابھی مزید محنت کرنا ہے. میرا اس بات پر یقین ہے کہ اللہ تعالی کسی کی محنت رائیگاں نہیں جانے دیتا.

میری یہ بھی دعا ہے کہ یہ نیا سال پاکستان کے ہر گھر میں برکتیں، امن اور خوشحالی لائے اور ہم اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک قوم کے طور پر متحد ہوجائیں اور اپنے پیارے ملک کے روشن مستبقل کے لیے کام کریں۔ پاکستان پائندہ باد!