Sunni Ittehad Council

سنی اتحاد کونسل کی بجٹ تقریر کے دوران شدید ہنگامہ آرائی

شہباز حکومت نے اپنا پہلا وفاقی بجٹ پیش کردیا، حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ سنی اتحاد کونسل نے بجٹ تقریر کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کی، بجٹ دستاویزات پھاڑ دیں۔

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن ارکان بانی پی ٹی آئی کی تصویریں اٹھائے ایوان میں داخل ہوئے۔ تلاوت کلام پاک کے بعد اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگانا شروع کردیے۔

اپوزیشن ارکان نے ایوان میں سیٹیاں اور باجے بھی بجا ئے۔ کچھ ارکان نے بجٹ دستاویزات پھاڑ دیں اس دوران اپوزیشن رکن زرتاج گل احتجاج کی ویڈیوز بناتی رہیں۔

حکومتی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کیا تاہم صرف چار ارکان، سید خورشید شاہ، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی اور ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ علامتی طور پر احتجاجاً اجلاس میں شریک ہوئے۔

جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان، بی این پی مینگل کے اختر مینگل نے بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔