اسلام آباد کے ایم این ایز کا الیکشن ٹربیونل پر اعتراض، تبدیلی کے لئے درخواست دائر

اسلام آباد سے منتخب قومی اسمبلی کے ارکان نے الیکشن ٹربیونل پر اعتراض کرتے ہوئے تبدیلی کے لیے درخواست دائر کردی۔

الیکشن کمیشن میں اسلام آباد کے تینوں ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے دائر درخواست میں موجودہ الیکشن ٹربیونل کی شفافیت اور غیر جانبدار ہونے پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ درخواست گزاروں میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، راجہ خرم نواز اور انجم عقیل شامل ہیں۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ خدشہ ہے کہ انصاف نہیں ملے گا اس لیے موجودہ ٹربیونل سے مطمئن نہیں ہیں۔ ٹربیونل اس معاملے میں غیر ضروری جلد بازی کر رہا ہے۔ ٹربیونل کے عمل میں تعصب ہے اور غیر جانبداری نہیں ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 کے مطابق جو کہ کسی بھی فرد کا بنیادی حق ہے اس کے ساتھ معاملہ کیا جائے۔ قانون کے تحفظ اور بالادستی اور اس کے مطابق منصفانہ ٹرائل ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق انہوں نے عام انتخابات 2024 میں کامیابی حاصل کی۔ انصاف کی فراہمی کے لیے الیکشن پٹیشن نمبر 73 برائے2024 کی کارروائی سے ٹریبونل اسلام آباد کو بھی روکا جا سکتا ہے۔ درخواست دہندگان کی جانب سے اس معاملے میں مزید ریلیف کی فراہمی کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کمیشن جو مناسب ریلیف سمجھے وہ فراہم کیا جائے۔