گجر، اورنگی، محمود آباد نالے کے متاثرین کو 14 لاکھ معاوضہ اور پلاٹ کی سفارش

کراچی: شہر قائد میں گجر، اورنگی اور محمود آباد نالے کے متاثرین کو 14 لاکھ روپے معاوضہ اور پلاٹ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے متاثرین کو معاوضہ دینے کے لیے تخمینے کی رپورٹ تیار کرلی ہے، جسے سندھ حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے۔ رپورٹ میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے متاثرین کو فی کس 14 لاکھ 37 ہزار روپے معاوضہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کی گئی سفارش میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت 6 ہزار 932 متاثرین کو ایم ڈی اے میں 80 گز کا پلاٹ دے گی۔

واضح رہے کہ متاثرین نے فی کس معاوضے کی مد میں 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ حکومت سندھ متاثرین کو 10 لاکھ روپے فی کس ادا کرنے پر رضامند ہوئی تھی۔ سندھ حکومت نے تخمینے کے لیے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے رابطہ کیا تھا ۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ 14 لاکھ 37 ہزار سے 2 کمروں کا کوارٹر بن سکے گا۔ کوارٹر کی بالائی منزل پر ایک کمرہ بعد میں بھی تعمیر کیا جاسکے گا۔ متاثرین کو معاوضہ 3 قسطوں میں ادا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ متاثرین کو 5، 5لاکھ اور ساڑھے 4 لاکھ کی رقم قسطوں میں ادا کی جائے.