اقوام متحدہ کا وفد طالبان سے حتمی مذاکرات کیلئے کابل کا دورہ کرے گا

کابل: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس عیدالفطر کے بعد طالبان کے ساتھ حتمی مذاکرات کے لیے اپنے سینئر معاون کو کابل بھیج دیں گے جہاں ‘آر یا پار’ کی بنیاد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور افغانستان میں امدادی مشن کے سربراہ روزا اوٹنبائیوا کا دورہ افغانستان سے تعلقات سے متعلق رواں برس فروری میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی کانفرنس کا تسلسل ہے۔

معاون خصوصی روزا اوٹنبائیوا کابل جائیں گی اور طالبان قیادت کے ساتھ مذاکرات میں انہیں اقوم متحدہ کے خصوصی نمائندے کی تعیناتی کی تجویز پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گی۔

دوسری جانب طالبان حکومت اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی کی تعیناتی پر اس لیے انکار کرتی رہی ہے کیونکہ خصوصی نمائندے کی تعیناتی خاص طور پر ایسے ممالک میں کی جاتی ہے جہاں کشیدگی پائی جاتی ہو۔

طالبان کا مؤقف ہے کہ افغانستان میں ان کی قانونی حکومت قائم ہے اور اس لیے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی کی تعیناتی کی ضرورت نہیں ہے۔