پاکستان یوروبانڈ کا ایک ارب ڈالر قرض واپس کرنے کو تیار

کراچی: پاکستان نے یورو بانڈز کا ایک ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

پاکستان نے اپریل 2024کے وسط سے دس سالہ یورو بانڈز کے میچور ہونے پر ایک ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ اس ادائیگی سے انٹرنیشنل مارکیٹ میں یورو بانڈز اور سکوک فروخت کرکے حاصل کیا جانے والا قرضہ 7ارب ڈالر سے کم ہوجائے گا۔

اسٹیٹ بنک نے ایک نجی اخباری ذرایع کو بتایا کہ سٹیٹ بنک کسی بھی وقت بانڈ کے قرض کی واپسی کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے وزار ت خزانہ کی ہدایت کا منتظر ہے۔ یورو بانڈ 15اپریل 2024کو میچور ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 8ارب ڈالر سے بڑھنے کے بعد پاکستان کی جانب سے عالمی سرمایہ کاروں کو جلد یا وقت پر ادائیگی کی توقعات کی وجہ سے یورو بانڈ کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ایک بانڈ ایک ڈالر تک پہنچ گیا۔

اسٹیٹ بنک کے گورنر جمیل احمد نے گزشتہ ماہ تجزیہ کاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے مالی سال 2023-24 میں میچور ہونے والے تمام قرضوں کی واپس ادائیگی کا انتظام کرلیا ہے۔