Pakistan Saudia Arabia Flags

وزیراعظم شہبازشریف کو سعودی عرب کی جانب سے عمرے کی دعوت

وزیراعظم شہبازشریف کو سعودی عرب کی جانب سے عمرہ ادائیگی کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد سے ملاقات طے ہونے کے بعد وزیراعظم روانہ ہوں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مختلف پراجیکٹس سے متعلق بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان کے لئے مختلف پراجیکٹس کی تیاریاں جاری ہیں، وزیراعظم کے دورے کے دوران مختلف منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ریکوڈک میں سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالرز تک کی سرمایہ کاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ ہو گا۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے شیئرز سعودی عرب کو فروخت کیے جائیں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری آئندہ ماہ میں کیے جانے کی تیاریاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کمیٹی بنائیں گے۔ کمیٹی میں وزارتِ خزانہ، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور وزارتِ توانائی کے حکام شامل ہوں گے.