اسلام آباد: ہائی کورٹ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط پر عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت جاری ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج ہی طلب کیا گیا تھا، جس میں سپریم کورٹ کے ججز شریک ہیں۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے حوالے سے لکھے گئے خط کے بارے میں غور کیا گیا۔ بعد ازاں اٹارنی جنرل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ججز کے خط کا معاملہ سنجیدہ ہے، جس کی تحقیق ہونی چاہیے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔