چینی دستے کی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت دونوں ملکوں کے منفرد رشتے کی عکاس ہے، چین

ترجمان چینی وزارتِ خارجہ لین جیان نے کہا ہے کہ چین کے فوجی دستے کی یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان منفرد رشتے کی عکاس ہے۔

بیجنگ میں پریس کانفرنس کے دوران لین جیان کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان پر مسلح افواج کی خصوصی پریڈ میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے دستے نے شرکت کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج کی دعوت پر پیپلز لبریشن آرمی کے وفد نے فوجی پریڈ میں شرکت کی، چین کے فوجی دستے کی پریڈ نے دونوں ممالک کے درمیان منفرد رشتے کی عکاسی کی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دوست کی حیثیت سے پاکستان کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اروناچل پردیش پر بھارت اور چین کے درمیان سرحد کبھی طے نہیں ہوئی، زنگنان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے پہلے بھی ہمیشہ چین کا حصہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے پاس اس خطے میں مؤثر انتظامیہ رہی ہے، 1987 میں بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے پر نام نہاد اروناچل پردیش قائم کیا۔

لین جیان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے اقدامات کے خلاف سخت بیانات جاری کیے ہیں، ہم نے زور دیا بھارتی کارروائی غیر مؤثر ہے اور چین کے اس مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔