Iftar in KPK

رمضان میں ساڑھے 8 ہزار خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے دیں گے، علی امین گنڈا پور

نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے رمضان المبارک میں ساڑھے 8 ہزار خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کردیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بانی پارٹی سے خیبرپختونخوا کی کابینہ پر مشاورت ہوگئی ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سارا ریکارڈ قوم کے سامنے ہے، ہماری اور ان کی حکومت میں معاشی حالات کا فرق خود دیکھ لیں، رمضان میں ساڑھے 8 ہزار خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے دیں گے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ پشاور میں اتوار کو احتجاج کریں گے، صوبے کے حقوق کے لئے ووٹ ملا ، دفاع کیلئے ہر حد تک جاؤں گا، حقوق نہ ملے تو عوام کی سوچ کے لئے جانا ہوگا۔

لیگی خاتون رکن اسمبلی کے ساتھ پیش آنے واقعہ پر انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کی خاتون میری بہن ہے ، میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تھا، جب اسمبلی میں پہنچا تو اپوزیشن خاتون رکن کے ساتھ واقعہ ہوچکا تھا، اس کے باوجود میں نے ن لیگ کی خاتون رکن سے معذرت کی۔