Election Commission of Pakistan

کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی تہلکہ خیز پریس کانفرنس اور انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے سنگین الزامات پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رات کو دس بجے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس رات کو دس بجے ہوگا، جس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں شرکت کیلیے الیکشن کمیشن حکام کو مرکزی دفتر پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے خلاف قانونی کارروائی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ عام انتخابات میں اُن کی نگرانی میں دھاندلی ہوئی اور وہ ہارے ہوئے امیدواروں کو پچاس پچاس، ہزار کی سبقت سے جیت دلوائی۔ انہوں نےیہ بھی کہا کہ مجھے کچہری چوک پر سرعام پھانسی دی جائے۔

دریں اثنا نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے قوم کے سامنے تمام حقائق لانے کا اعلان کردیا۔