Poling Day

کمشنر راولپنڈی کے 8 دن کا ریکارڈ نکلوالیں، مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ن)

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے الزامات پر پارٹی کا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر کے پچھلے 8 روز کا ریکارڈ نکلوالیں اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں نومنتخب رکن قومی اسمبلی عطا اللہ تارڈ اور ترجمان مسلم لیگ(ن) پنجاب عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹ کا بازار خاصا گرم ہے، کمشنر راولپنڈی کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دم سے آٹھ دن بعد کمشنر راولپنڈی کو بیان داغنے کا خیال آیا، کمشنر راولپنڈی کہتے ہیں صرف ایک حلقے کے علاوہ باقی سب حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے، ایک حلقہ جہاں پی ٹی آئی جیتی ہے صرف وہاں دھاندلی نہیں ہوئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موصوف کہتے ہیں 50 پچاس ہزار کی لیڈ سے امیدواروں کو جتوایا گیا ہے، درحقیقت ایک حلقے میں بھی کوئی امیدوار 50 ہزار کی لیڈ سے نہیں جیتا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر پر براہ راست الزام لگایا، 2013 میں بھی افضل نامی شخص نے الزام لگایا اور الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا مگر بعد میں معافی مانگ لی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات کے پیچھے کوئی نا کوئی میسج یا حکم نامہ تو گا، کبھی امریکا تو کبھی یورپ کو دہائی دی جاتی ہے لیکن فارم 45 کی اصل کاپی نہیں دی جاتی، انٹرنیشنل میڈیا کے ایک رپورٹر کے سوال کے جواب میں فارم 45 کا ایک بھی ثبوت نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا 8 دن کا ریکارڈ نکلوا لیں اور اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، الزام لگا کر ہیجان پیدا کرکے جانے کا موسم ختم ہوگیا، ایسے شخص کو جھوٹ ثابت ہونے پر کڑی سے کڑی سزا دینی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر روز مداری کھڑے ہوتے ہیں اور الزامات لگانا شروع کردیتے ہیں، اس گروہ سے حساب مانگیں تو ریاست پر چڑھ دوڑتے ہیں۔