Supreme Court of Pakistan

سپریم کورٹ کا کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر نوٹس نہ لینے کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات پر ازخود نوٹس نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے چیمبر میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحیٰی آفریدی شریک ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مشاورتی اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا جائزہ لیا گیا اور کمشنر کے الزامات پر ازخود نوٹس نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق انتخابات سے متعلق مقدمہ پر سماعت 19 فروری کو پہلے ہی مقرر ہے اور پہلے سے مقرر کردہ مقدمہ میں ہی کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ عام انتخابات 2024 میں دھاندلی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔