President House Islamabad

وزارت خزانہ کا قومی اسمبلی کے کیفے ٹیریا کی مرمت کیلیے 8 کروڑ روپے جاری کرنے سے انکار

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کے کیفے ٹیریا کی تعمیر و مرمت کیلیے 8 کروڑ روپے فنڈز جاری کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد اب کیفے ٹیریا کا انتظام قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے میں چند دن باقی رہ گئے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 29 فروری کو نو منتخب اراکین کا پہلا اجلاس ہوگا تاہم تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کیلیے کئی ماہ قبل بند کیے گئے پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا کو نہ کھولا جاسکا اور نہ ہی کام کا آغاز ہوا۔

یہ کیفے ٹیریا اس سے پہلے سینٹ سیکرٹریٹ کے زیرانتظام تھا اور سینٹ سیکرٹریٹ ہی اس کی دیکھ بھال کاکام کررہاتھا تاہم اب اس کی ذمہ داری قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے اس کیفے ٹیریا کی مرمت اورتزئین نو کیلئے وزارت داخلہ کے ذریعے وزارت خزانہ سے آٹھ کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مانگے گئے تھے لیکن وزارت خزانہ نے یہ فنڈز دینے سے انکارکردیا تھا، جس کے بعد اب یہ کام قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ حکام کاکہناہے پارلیمنٹ میں قائم کیفے ٹیریاکی مرمت و بحالی کا کام جلد شروع ہوجائے گا، اورامید ہے قومی اسمبلی اجلاس سے پہلے ہم پارلیمنٹ کیفے ٹیریاکی مرمت وبحالی کاکام مکمل کرلیں گے۔