Sindh High Court

کراچی کے انتخابی نتائج کل سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم کل سندھ ہائیکورٹ میں فارم 45 کو سامنے رکھ کر کراچی کے انتخابی نتائج کو چیلنج کریں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کراچی کے نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ہم قانونی جنگ لڑیں گے، جسٹس فائز عیسیٰ کو بھی خط لکھا ہے کہ وہ ایسے وقت میں انصاف نہیں کریں گے تو کب کریں گے؟۔

اسٹار گیٹ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میں کراچی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے نے بلدیاتی الیکشن سے زیادہ عام الیکشن میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیا۔ الیکشن کمیشن لکھے ہوئے اور دیئے گئے فیصلے پڑھ کر سنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے کہا تھا کہ میئر کے انتخابات کی دھاندلی ایک ٹریلر تھا، جنرل الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلہ کیا گیا۔ عام الیکشن میں نتائج میں تبدیلی کرکے ایسا شرمناک کھیل کھیلا گیا ہے کہ بڑے سے بڑا آمر بھی شرماجائے۔

انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ہمارے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ شہر میں کسی ایک حلقے یا پولنگ اسٹیشن سے ایم کیو ایم نہیں جیتی، ہم ہر پلیٹ فارم پر ان کے خلاف احتجاج کریں گے، ہم عوام کی رائے کو روندنے نہیں دیں گے۔