Vote Election

ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری

اسلام آباد: ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔

ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے شہری کو اصل شناختی کارڈ کے ساتھ پولنگ اسٹیشن جانا ہوگا، جہاں وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبر کو ووٹ کاسٹ کرے گا، قومی کیلیے سبز جبکہ صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کیلیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس ہیں۔ پولنگ اسٹیشن اور دیگر امور کی نگرانی کیلیے 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹیز دیں گے۔ پیرا ملٹری فورس دوسرے جبکہ تیسرے درجے میں پاک فوج ذمہ داری انجام دے گی جو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔