ای سی سی نے الیکشن سے ایک روز قبل بڑے منصوبوں کی منظوری دیدی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں کل ( 8 فروری ) کو ہونے والے عام انتخابات سے چند گھنٹے قبل بڑے منصوبوں اور سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی۔

وزیرخزانہ شمشاداخترکی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا، جس میں بڑے منصوبوں اور سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں وزیرتوانائی محمدعلی، وزیرمنصوبہ بندی سمیع سعیداوروزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی عمرسیف سمیت دیگر حکام شریک تھے۔

اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سمری پرجاری مالی سال کے دوران ڈیجیٹل انفارمیشن انفراسٹرکچر انیشٹیو کیلئے 10 ارب روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی گئی،یہ فنڈز قومی اہمیت کے معلوماتی ڈھانچہ کو ممکنہ سائبرحملوں اوراسے ہرقسم کے سکیورٹی بریچ سے بچانے کیلئے تکنیکی صلاحیتوں اوراستعداد میں بہتری کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔

ای سی سی اجلاس میں سوئی ڈویلپمنٹ اینڈ پراڈکشن لیز کی ری گرانٹ سے متعلق وزارت پیٹرولیم کی سمری کاجائزہ لیاگیا۔بلوچستان کی حکومت نے اس تجویز کی تائید کی جس کے بعد ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔ وزارت بحری امورکی سمری پرای سی سی نے پاکستان فش انسپیکشن اینڈکوالٹی کنٹرول رولز 1998کے تحت سرٹیفکیٹ آف کوالٹی اینڈ اوریجن و دیگر سرٹیفکیٹس کی نظرثانی شدہ فیس کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے وزارت کو اس ضمن میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع ڈھونڈنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی سمری پرای سی سی نے کسان پیکج کے تحت فارم میکنائزیشن سکیم میں توسیع کی تجویز کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے ربیع سیزن 2023-24 کیلئے یوریا کی ضروریات سے متعلق ای سی سی کے فیصلہ پر نظرثانی سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ اس میں سبسڈی کاعنصرشامل نہیں ہوگا۔

ای سی سی نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے مطابق موجودہ اوربراون فیلڈریفائنریز کی اپ گریڈیشن کیلئے ڈیڈ آف سیٹلمنٹ سے متعلق سمری کاجائزہ لیا اور نوٹ کیاکہ وزارت خزانہ کی جانب سے تصفیہ کیلئے جوتجویز دی گئی ہے وہ مناسب ہے اور پیٹرولیم ڈویژن نجی پارٹی کو اس حوالہ سے پیشکش کرسکتی ہے۔

اجلاس میں فاطمہ فرٹیلائزراورایگری ٹیک کوگیس وآرایل این جی کی فراہمی سے متعلق سمری کی منظوری دیدی گئی، علاوہ ازیں میسرز یونائیٹڈ انرجی پاکستان کے موہرفیلڈ سے سوئی سدرن کو گیس کی فراہمی سے متعلق سمری کی بھی منظوری دیدی گئی۔