عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعہ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قمیتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ کو ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

برینٹ کروڈ فیوچر 0.39 فیصد کی کمی سے 82.12 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 41 سینٹ یا 0.5 فیصد گر کر 76.95 ڈالر پر آگئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن نے کہا تھا کہ موسم کی وجہ سے خام تیل کی پیداوار متاثر ہونے کے بعد امریکی خام تیل کے ذخیرے میں 9.2 ملین بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے بعد بحیرہ احمر میں بھی کشیدگی سامنے آئی ہے اور حوثی باغیوں کی جانب سے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مغربی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی جانب سے ایران کو کہا گیا ہے کہ وہ بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کو روکنے میں مدد کریں یا بیجنگ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو نقصان پہنچانے کا خطرہ مول لیں۔