پشاور، شاپنگ سینٹر میں لگی آگ نہ بجھ سکی، کروڑوں روپے کا نقصان

پشاور کے علاقے صدر میں قائم شاپنگ سینٹر میں لگی آگ بجھائی نہ جاسکی، آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے کا مال جل گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی 26 گاڑیاں اور 130 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، جبکہ مختلف اضلاع سے بھی ٹیمیں منگوالی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے پورے پلازا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، 2 منزلہ عمارت میں تقریباً 200 دکانیں ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، شاپنگ سینٹر میں موجود بیٹریز پھٹنے سے آگ بجھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت میں اضافے کی وجہ سے شاپنگ سینٹرز کے اطراف واقع گھروں کو بھی خالی کروالیا گیا ہے۔

شاپنگ سینٹر میں موبائل فون، یو پی ایس اور دیگر الیکٹرانکس کی دکانیں ہیں، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔