اسلام آباد: سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے ایرانی حملے سے ایک روز قبل بھارتی وزیرخارجہ کے دورہ ایران سے شکوک وشبہات میں اضافہ ہوتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ برادر پڑوسی ملک ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط، گہرے، تاریخی اور صدیوں پر محیط ہیں۔ ایران کو کوئی شکایت یا غلط فہمی تھی تو خود کاروائی کرنے کے بجائے پاکستان سے بات کرتا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کی نوعیت ایسی نہ تھی کہ ایران پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر اس طرح کی غیر معمولی کارروائی کرے۔ پاکستان کی جوابی کارروائی کا مقصد ایک طرح کا احتجاج نوٹ کرانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال کو باہمی اعتماد سے کنٹرول نہ کیا گیا تو دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہے، کارروائی سے ایک دن قبل انڈین وزیر خارجہ کے دورہ ایران سے شکوک وشبہات میں اضافہ ہورہا ہے۔