PML

معیشت کیسے سنبھالنی ہے؟ مہنگائی کا جن کیسے قابو کرنا ہے؟ ن لیگی قیادت نے سر جوڑ لیے

معیشت کیسے سنبھالنی ہے؟ مہنگائی کا جن کیسے قابو کرنا ہے؟ توانائی بحران کیسے ختم کرنا ہے؟ ن لیگ سر جوڑ کر بیٹھ گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی قیادت میں معاشی ماہرین کا اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ شرح سود کم کرنی ہے، صنعتوں اور برآمدی شعبے میں اصلاحات لانی ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کرنی ہیں۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں ٹیکس اصلاحات اور زراعت اور صنعت کے فروغ کا پیکیج تیار کرلیا گیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کےلیے مراعات دینے پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں روزگار کی فراہمی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی پالیسی کے نکات مرتب کر لیے گئے، زراعت کے فروغ کے لیے شمسی توانائی پر مراعات کا تعین بھی پیکیج میں شامل ہے، بجلی کے گھریلو صارفین کیلئے بڑی مراعات کا تعین بھی کرلیا گیا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر کے بڑے منصوبے ن لیگ کی ترجیحات ہوں گے۔