آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپےکی قدر میں بہتری کے نتیجے میں 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق تخمینہ تیار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت جنوری کے باقی 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان پیر کو کرنے والی ہے۔ اوگرا نے اس سلسلے میں تخمینہ تیار کر لیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے سے زائد کی کمی ہو سکتی ہے۔
آئل اینڈ گیس اتھارٹی اوگرا نے پیٹرولیم قیمتوں کا تخمینہ تیار کر لیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت فروخت میں5.32 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کے نرخ میں3.29اور لائٹ ڈیزل کے نرخ میں1.75روپے فی لیٹر کمی متو قع ہے۔
اگر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی کی تو پیٹرول کی قیمت 276.21 سے کم ہو کر 267.34روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 188.83سے کم ہو کر 185.54روپے فی لیٹر ہو جائے گی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 165.75سے کم ہو کر 164 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔